کراچی(اسٹاف رپورٹر)
ہماری شان، ہماری جان، سب سے پیارا پاکستان، روشنیوں کے شہر کراچی میں آزادی کا جشن
بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، سرفراز رفیقی شہید اسپتال میں بھی پرچم کشائی
کی سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تفصیلات کے مطابق 75ویں جشن آزادی پر
سرفراز رفیقی شہید اسپتال میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی سینئر ڈائریکٹر میڈیکل
اینڈ ہیلتھ سروسز(KMC) ڈاکٹر عبدالحمید جمانی،چیئرمین پاکستان
ایکسی لینس کلب حمید بھٹو اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (SRS) لیپرا اسکوپک کے ماہر سرجن ڈاکٹر امیر محمد
سولنگی نے پرچم کشائی کی، اس موقع پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں، تقریب میں
روٹری کلب کے نمائندے حکیم ناریجو، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس،نرسز، انتظامی افسران سمیت دیگر
ملازمین، سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک ہوئے، ہر چہرے پر آزادی کی خوشی کے آثار نمایاں
تھے، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض اسپتال کے متحرک، فرض شناس سینئر اسٹاف رکن راو کرم حسین
نے انجام دیئے، پرچم کشائی کی سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام میڈیکل سپرنٹنڈںٹ (SRS) ڈاکٹر امیر محمد سولنگی کی خصوصی کاوشوں سے ممکن ہوا، اس موقع پر مہمان
خصوصی سینئر ڈائریکٹر میڈیکل ہیلتھ اینڈ سروسز (KMC) ڈاکٹر عبدالحمید جمانی نے ایم ایس، ڈاکٹرز
اور اسٹاف کی کارکردگی کو خوب سراہا اور بہترین انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا، انہوں
نے کہا کہ ڈاکٹر امیر محمد سولنگی کی دیانت داری، خلوص اور ذاتی دلچسپی سے سرفراز رفیقی
شہید اسپتال کی قسمت بدل گئی ہے، علاج کا معیار بہتر ہوا، ڈپارٹمنٹس فعال ہوئے، جس
سے غریب مریض، (KMC) ملازمین اور ان کے اہلخانہ مستفید ہورہے
ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے خاتمے میں بھی ڈاکٹر امیر محمد سولنگی، ان کی
ٹیم اہم کردار ادا کررہی ہے، ویکس نیشن سینٹر کا قیام زندہ دلیل ہے، انہوں نے اسپتال
کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی، اس موقع
پر اپنے خطاب میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (SRS) ڈاکٹر امیر محمد سولنگی نے مہمان خصوصی
کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ زبان اور علاقوں کی تفریق ہماری بڑی کمزوری ہے، ہمیں بلارنگ
و نسل، بلا تفریق یک زبان، یک جان ہوکر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا، اپنا کردار ادا
کرنا ہوگا، اتحاد، اتفاق اور دیانت داری سے کام کریں تو دنیا کی کوئی طاقت ہماری ترقی
میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، ایکسی لینس کلب آف پاکستان کے چیئرمین حمید بھٹو نے کہا کہ
ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف عوام کی کورونا سے حفاظت کے لیے فرنٹ لائن پر موجود ہیں،
عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عمل کریں اور ویکسی نیشن کروائیں تاکہ ملک کو جلد
ان پابندیوں سے نجات مل سکے، تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں نے جشن آزادی کا کیک
کاٹا اور کورونا وبا کے دوران نمایاں اور بے لوث خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز، رضا
کار طلبہ و طالبات میں حسن کارکردگی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔
