تازہ ترین

Post Top Ad

Sunday, July 21, 2019

دل کی مرمت کرنے والا نیا خلیہ دل کے پاس ہی دریافت

کینیڈا: ماہرین نے دل کے قریب ہی ایک نیا خلیہ (سیل) دریافت کیا ہے جو دل کی مرمت کرکے انسانوں کو زندہ رکھ سکتا ہے۔

یونیورسٹی آف کیلگری کے ماہرین کے مطابق اس دریافت سے نہ صرف معالجین بلکہ سرجن حضرات کے لیے بھی علاج و سرجری کے نئے طریقے ممکن ہوسکیں گے۔

ہمارا دل مائع بھری ایک تھیلی میں بند ہوتا ہے جسے پیری کارڈیئل فلوئیڈ کہا جاتا ہے۔ ایک عرصے سے ماہرین اس مائع کو بہت اچھی طرح سمجھنے سے قاصر رہے تھے۔ لیکن اب سائنسدانوں نے کہا ہے کہ اس مائع میں قدرتی دفاعی (امنیاتی) خلیات پائے جاتے ہیں۔ یہ خلیات دل کو پہنچنے والے کسی نقصان کا ازالہ کرتے رہتے ہیں۔ ان میں خاص قسم کے GATA6+ خلیات بھی ہوتے ہیں جو جی اے ٹی اے سکس پروٹین بناتے ہیں۔
واضح رہے کہ جی اے ٹی اے سکس پلس خلیات خون کے سفید خلیات کی ذیلی قسم ہیں جنہیں طبی ماہرین میکروفیج بھی کہتے ہیں۔
اگرچہ یہ دل کے باہر ہی باریک جھلی میں رہتے ہیں لیکن قلب کو کسی نقصان پہنچنے کی صورت میں فوری طور پر نقصان کی جگہ پہنچتے ہیں اور عضو کو تندرست رکھنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔ یونیورسٹی آف کیلگری  کے پروفیسر پال فیڈک اور ان کے ساتھیوں نے GATA6+ کا تفصیلی مطالعہ کرکے اس کا تحقیقی مقالہ ’امیونِٹی‘ نامی جریدے میں شائع کرایا ہے۔ اس میں چوہوں اور انسانوں پر کئے گئے بعض تجربات کا حوالہ بھی شامل ہے۔

Post Top Ad

مینیو