اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق
وزیراعظم میاں نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزامعطلی اور ضمانت کی درخواست پر سماعت کی جس
کے بعد انسانی بنیادوں پر ان کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی
جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج ایک درخواست دائر کی گئی جس میں میاں
نوازشریف کی سزا معطلی کی درخواست کو آج ہی سننے کی استدعا کی گئی تھی۔شہبازشریف
نے 11 رکنی اسپیشل میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کو بھی اپنی درخواست کا حصہ بنایا تھا۔اسلام
آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو
رکنی ڈویژنل بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت 3 بار وقفہ کیا گیا جس کے بعد عدالت نے سابق وزیراعظم کی
انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عبوری ضمانت پر رہائی کی درخواست منظور کی۔
عدالت نے عبوری ضمانت کے لیے 20، 20
لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور ان کی ضمانت منگل تک کے لیے
منظور کی۔
